اسلام آباد(آن لائن) عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے مشیر عرفان صدیقی کی ضمانت منظور کرلی جس کے بعد ان کو اڈیا لہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔تفصیلا ت کے مطابق کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کے مشیر عرفان صدیقی کی ضمانت منظور کرلی گئی ہے، مجسٹریٹ مہرین بلوچ نے 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کی جس کے بعد عرفان صدیقی کے وکلاء کی ٹیم رہائی کے
روبکار لے کر اڈیالہ جیل روانہ ہوئی جہا ں پر ان کو اڈیا لہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی نے سابق مشیر عرفان صدیقی کی گرفتاری اور ہتھکڑی لگانے پر آئی جی اسلام آباد پولیس کو کل پارلیمنٹ طلب کرتے ہوئے رپور ٹ طلب کر لی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وفاقی وزیر داخلہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے وفاقی پولیس کی ناقص کارگردگی پر گفتگو کی اور عرفان صدیقی کی اسلام آباد پولیس کی جانب سے گرفتاری اور ہتھکڑیاں لگانے پر تشویش کا اظہارکیا۔