لاہور(این این آئی)پاکستان سے 1 لاکھ 29 ہزار عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں،16عازمین کی طبعی اموات واقع ہوئی جن کی جنت البقیع اور مکہ کے شرائع قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 93 ہزار سرکاری جبکہ 36 ہزار عازمین نجی حج سکیم کے ذریعے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔سرکاری حج سکیم کے 47 ہزار عازمین مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کر کے مکہ پہنچ گئے۔سرکاری حج سکیم کے 12 ہزار عازمین حج ابھی مدینہ منورہ جبکہ 81 ہزار عازمین حج مکہ مکرمہ
میں موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وزارت مذہبی امور سے 187 افسران اور عملہ سعودی عرب میں فرائض سر انجام دے رہا ہے۔حج میڈیکل مشن کے تحت 469 ڈاکٹر، نرسیں اور پیرامیڈیکل سٹاف،545 پاکستانی معاونین جبکہ 900مقامی خدام بھی تعینات کیے جا چکے ہیں۔مذہبی امور کی مانیٹرنگ ٹیموں نے 336 نجی حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ مکمل کر لی ہے۔راستہ بھولنے والے 225 عازمین کو ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا گیا،حرم گائیڈزنے حرم کے باہر 66 ہزار سے زائد عازمین کو رہنمائی فراہم کی۔