اسلام آباد(آن لائن) سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے چیرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وضاحت طلب کرنے پر اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے سیکرٹری سینیٹ کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا انکشاف ہوا ہے،اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق کے چیمبر میں سیکرٹری سینیٹ محمد انور کو طلب کرکے توہین آمیز سلوک کیا گیا اور بیٹھنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی،راجہ ظفر الحق اور پیپلز پارٹی کی خاتون سینیٹر شیری رحمن سیکرٹری سینیٹ پر برس پڑے،
چیرمین سینیٹ نے سیکرٹری سینیٹ کو اپوزیشن رہنماؤں کے چیمبر ز میں جانے پر پابندی عائد کردی۔سینیٹ ذرائع کے مطابق چیرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کے حوالے سے دو ریکوزیشن جمع کرانے کے بعد سیکرٹری سینیٹ محمد انور کی جانب سے اپوزیشن کو لکھے جانے والے وضاحتی خط کے بعد اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق کے چیمبر میں سیکرٹری سینیٹ محمد انور سے اپوزیشن رہنماوں کی بدسلوکی کا انکشاف ہوا ہے ذرائع کے مطابق سیکرٹری سینیٹ کو اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق کے چیمبر میں بلا کر توہین امیز سلوک کیا گیا اور انہیں بیٹھنے کیلئے کرسی تک نہیں دی گئی ذرائع کے مطابق پی پی کی خاتون سینیٹر شیر ی رحمن نے سیکرٹری سینیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمھاری جرات کیسے ہوی ہماری ریکوزیشن کو چیلنج کرنے کی جس پر سیکرٹری سینیٹ نے جواب دیا کہ میڈم میرا کام ہی قانون و قواعد کی تشریح ہے ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق بھی سیکرٹری پر برس پڑے اور کہاکہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوجائے توتمھیں بھی دیکھ لیں گے ذرائع کے مطابق سیکرٹری سینیٹ نے ساری صورت حال سے چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو اگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں سینیٹ کا گریڈ بائیس کا سیکرٹری ہوں اپوزیشن نے مجھ سے سیکشن افسر کی طرح سلوک کیا ذرائع کے مطابق چئیرمین سینیٹ نے ائندہ سیکرٹری کو اپوزیشن رہنما کے کسی بھی چیمبر میں جانے پر پابندی لگا دی ہے تاہم اس حوالے سے جب سینیٹ ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ ایسا کوئی واقعہ ہمارے علم میں نہیں ہے۔