اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نے امریکہ کا کامیاب اور بھرپور دورہ کیا ہے، وزیراعظم پاکستان نے پاکستانیوں کا مقدمہ بھرپور طریقہ سے لڑا ہے، امریکی قیادت پر بھی واضح کیا کہ ایک دوسرے پر بھروسہ کرنا ہو گا، وزیراعظم کے کامیاب دورہ پر ماہر امور خارجہ رسول بخش رئیس نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں تو سمجھتا ہوں کہ مزہ ہی آ گیا،پاکستان کی سفارت کاری کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے کسی رہنما نے ایک فطری طور پر اور کھلے دل کے ساتھ اور حقیقت پسندی کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی،
میرا نہیں خیال کہ اس سے پہلے ایسا ہوا ہو، جو بھی جاتا تھا معذرت خواہانہ رویہ لے کر یا کسی لالچ سے جاتا تھا، یا پھر کسی امداد کے بہانے گیا، پاکستان کا مقدمہ وائٹ ہاؤس اور میڈیا میں بھی لڑا، پاکستان کا جو امیج پرابلم تھا اب ماضی کا حصہ بن گیا ہے،وزیراعظم عمران خان کے جذبے اور خلوص کی مثال پاکستان میں نہیں دکھتی، انہوں نے کھل کر بات کی اور پاکستان کے عوام کا مقدمہ کم وقت میں جو انہوں نے وہاں کے میڈیا اور وائٹ ہاؤس میں لڑا، اس سے بہتر کسی پاکستانی لیڈر کو میں نے پرفارم کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔ یہ ایک بے مثال دورہ تھا۔