راولپنڈی(آن لائن) سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے ملکہ کوہسارمری میں مقامی افراد کی جانب سے سیاحوں کے ساتھ لڑائی جھگڑے اور بدسلوکی کے واقعات کے تدارک اور سیاحوں کی حفاظت کے لئے 150افسران اور ملازمین پر مشتمل ”ٹورسٹ پولیس“ تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے نئی فورس کونئی گاڑیوں کے علاوہ جدیداسلحہ و سائنسی آلات سے لیس کیا جائے گا
جوعید الضحیٰ کے بعد کام شروع کر دے گی اور سیاحوں کی راہنمائی کے علاوہ انہیں ہر قسم کی بلیک میلنگ سے محفوظ بنائے گیاس بات کا فیصلہ ملکہ کوہسار مری میں ملکی و غیر ملکی مردو خواتین سیاحوں کے لئے سیاحت کا سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا سٹی پولیس افسر محمد فیصل رانا کی صدارت میں منعقد ہ اجلاس میں ایس پی صدر رائے مظہر اقبال اور اے ایس پی فریال فرید سمیت پولیس افسران نے شرکت کی ایس پی صدر نے سی پی او کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملکہ کوہسار مری میں عید الضحیٰ کے حوالے سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے،وہاں پر ”ٹورسٹ پولیس“ کے نام سے ایک نئی فورس بنائی گئی ہے جو عید الضحیٰ کے بعدکام شروع کر دے گی جس میں 150کے قریب افسران اور ملازمین شامل ہیں،اس فورس کے پاس نئی گاڑیوں کے علاوہ جدید سائنسی آلات ہوں گے جن کے ذریعے یہ فورس سیاحوں کی مکمل راہنمائی کرے گی،جن میں راستے بتانے سے لے کر انٹری اور ایگزٹ پوائنٹ،ٹریفک کی روانی کی اپ ڈیٹ اور موسم کی پیشن گوئی بھی شامل ہے،ایس پی صدر نے بتایا کہ نئی تعینات کی جانے والی ”ٹورسٹ پولیس“ سیاحوں کو ہوٹل مالکان کی بلیک میلنگ سے بچائے گی کسی سیاح سے کوئی ہوٹل والا طے شدہ ریٹ سے زیادہ کمرے کا کرایہ وصول نہیں کر سکے گا،چاہے رش جتنا بھی ہو کرایوں میں کمی بیشی نہیں ہو گی یہ فکس ہوں گے،یہی فورس مری کی سڑکوں پر خواتین کے ساتھ
غیر اخلاقی حرکات کرنے والے ”شوقیہ“ قانون شکنوں کو بھی موقع پر گرفتار کرے گی،انہوں نے بتایا کہ اس فورس سے سیاحوں کی راہنمائی اور ان سے متعلقہ امور کے علاوہ کوئی کام نہیں لیا جائے گا جبکہ تھانہ کی پولیس اور ڈولفن فورس کے علاوہ قانون کے نفاذ کے حوالے سے اپنی ڈیوٹی انجام دیں گے سی پی او نے سی ٹی او کو ہدایات کی کہ اس دفعہ عید الضحیٰ پر ٹریفک کی روانی کے لئے ایسے اقدامات کئے جائیں تا کہ سیاحوں کو ایک سیکنڈ کے لئے بھی ٹریفک جام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔