واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جوعوامی نوعیت کی محفلوں اور تقریبات میں کم ہی دکھائی دیتے ہیں ریاست نیو جرسی میں منعقدہ ایک شادی کی تقریب میں جا پہنچے۔ انہیں دیکھ کر دلہا اور دلہن سمیت دیگر تمام شرکاء حیران رہ گئے۔عرب ٹی وی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیو جرسی ریاست کے شہر بڈمنسٹر میں اپنے ملکیتی گالف کلب میں منعقدہ اپنے ایک حامی نوجوان کی شادی کی تقریب میں جا پہنچے۔دلہا مونگیلی نے وائیٹ ہاؤس میں متعدد اہم شخصیات کو اپنی شادی کے دعوت نامے
ارسال کیے تھے۔ ان میں صدر ٹرمپ بھی شامل تھے۔ تاہم صدر کی شرکت پر دلہا اور دلہن سمیت دیگر شرکاء کو بھی خوش گوار حیرت ہوئی۔شادی کی تقریب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شرکت کی ایک فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں انہیں دلہا اور دلہن کے ساتھ کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے ٹائی کے بغیر سیاہ پینٹ اور کوٹ پہن رکھا ہے۔صدر ٹرمپ نے دلہا اور دلہن سے معانقہ کیا۔ انہیں شادی کی تقریب میں دیکھ کر شرکاء نے امریکا زندہ باد کے نعرے لگائے۔