کراچی (این این آئی)سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال، مرکز ی بینک کی جانب سے مہنگائی کے پیش نظرشرح سود میں اضافے،ایف بی آر کی ٹیکسز ریکوری کے حوالے سے سخت پالیسی،منافع خوری کی خاطر فروخت کے دباؤ اور معاشی اتار چڑھاؤ جیسے اسباب نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو گذشتہ ہفتے بھی دباؤ میں رکھا جس کی وجہ سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ بدترین مندی کی لپیٹ میں رہی اور
کے ایس ای100انڈیکس1200پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس33ہزار پوائنٹس کی بالائی حد گنوا بیٹھا اور انڈیکس 32ہزار پوائنٹس کی کم سطح پر بند ہوا،مندی کی لہر آنے سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 229روپے ڈوب گئے جس سے سرمائے کا مجموعی حجم68کھرب روپے سے گھٹ کر65کھرب روپے رہ گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ گذشتہ ہفتے پہلے ہی دن مندی کی زد میں آ گئی اور 2دن کی مندی میں انڈیکس 1386.59پوائنٹس کم ہو گیا جبکہ 3دنوں معمولی تیزی سے انڈیکس نے 172.87پوائنٹس ریکو ر کئے تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ پر مندی کے اثرات غالب دیکھے گئے۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای100انڈیکس میں 1213.72پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 33672.49پوائنٹس سے کم ہو کر32458.77پوائنٹس ہو گیا اسی طرح539.26پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 15934.85پوائنٹس سے کم ہو کر15395.59پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 24652.17پوائنٹس سے گھٹ کر23815.76پوائنٹس پرآ گیا۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 2کھرب 29ارب92کروڑ32لاکھ36ہزار134روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 68کھرب5ارب17کروڑ49لاکھ 61ہزار60روپے سے کم ہو کر65کھرب75ارب25کروڑ17لاکھ24ہزار926روپے رہ گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس33672.49پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس ایک موقع پر31901.27پوائنٹس کی کم سطح پر بھی دیکھا گیا تھا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 4ارب روپے مالیت کے 13کروڑ87لاکھ26ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم2ارب روپے مالیت کے5کروڑ55لاکھ9ہزار
حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر1581کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے510کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،977میں کمی اور94کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے میپل لیف سیمنٹ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ،کے الیکٹرک لمیٹڈ،بینک آف پنجاب،یونٹی فوڈز لمیٹڈ،بائیکو پیٹرولیم،ڈی جی کے سیمنٹ،ایسکورٹ،حبیب بینک،فوجی فوڈز لمیٹڈ،لوٹے کیمیکل،ڈی جی کے سیمنٹ،انٹر نیشنل اسٹیل لمیٹڈ،سوئی نادرن گیس،سلک بینک لمیٹڈ اوراینگرو پولیمرسر فہرست رہے۔