پشاور(آن لائن)جماعت اسلامی حلقہ خواتین خیبر پختونخوا کی ناظمہ عنایت امین نے سابقہ فاٹا میں ہونے والے انتخابات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں فاٹا کی ان عظیم اور روایتوں کی پاسدار خواتین کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی شرط کے مطابق خواتین کے 10 فیصد سے بھی زیادہ ٹرن آؤٹ فاٹا کے الیکشن میں ریکارڈ کیا گیا۔
عنایت امین نے مزید کہا کہ خواتین نے جس حب الوطنی کا مظاہرہ کیا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ فاٹا کی خواتین بھی ملک کی ترقی کیلئے اپنے مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم ان شاء اللہ فاٹا کے مستقبل کیلئے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے جماعت اسلامی خواتین فاٹا کے کارکنان کی ان تھک اور مسلسل محنت کو بھی سراہا۔