لاہور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار کرپشن پربڑے بڑے لوگ قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہورہے ہیں اور لوٹ مارکا دورنئے پاکستان میں نہیں چل سکتا۔ سابق حکومتوں کے ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی
اوربدعنوان عناصر نے ملک و قوم کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا۔ماضی کے حکمرانوں کے ذاتی بینک بیلنس دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے اور دوسری طرف عوام مسائل کی چکی میں پستے رہے۔ماضی میں پاکستان کرپشن کی دلدل میں دھنسا ہوا تھا جبکہ نیا پاکستان شفافیت کی طرف گامزن ہے اوروزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بدل رہا ہے اور شفاف پاکستان کی بنیاد رکھی جاچکی ہے۔ آج یہاں ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم اپنے ادوار میں کرپشن کی انتہا کرنے والوں کا حساب چاہتی ہے۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، یہ نیا پاکستان ہے،یہاں سب قانون کے تابع ہیں اور تبدیلی یہی ہے کہ اپنے وقت کے حکمران بھی کرپشن کے الزام میں پکڑ میں آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس نے بھی کرپشن یا غلط کام کیا،اسے انجام بھگتنا ہوگا۔ سرکاری خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والے ملک کے مجرم ہیں اور جھوٹے دعویداروں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ قومی دولت لوٹنے و الوں کو پائی پائی کا حساب دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 10برس میں میگا پراجیکٹس کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم رہا۔سابق حکمرانوں کے دور میں سرکاری خزانے کو لوٹا گیا اورہر ادارے میں کرپشن کی گئی۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اورقرضوں نے معیشت کو تباہ و برباد کیا اورپاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا یا۔ ماضی کے حکمرانوں نے پاکستان کے ساتھ بہت ظلم و زیادتی کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورتوں کو نظر انداز کیا گیااورذاتی نمائش کے منصوبے شروع کیے گئے جس کے باعث عوام کے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے گئے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خلاف جہادکررہی ہے اور ہم سرکاری خزانے کے امین ہیں،کسی کو خیانت نہیں کرنے دیں گے۔