لاہور(نیوزڈیسک) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج میانوالی میں میانوالی ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب میں سرائیکی زبان میں خطاب کیا – وزیر اعلی نے اپنے خطاب میں کہاکہ میانوالی کو ماڈل ضلع بنائیں گے اورمیانوالی میں عوامی فلاح وبہبودکے ان گنت ترقیاتی پروگرام شروع کئے جارہے ہیں –
انہوں نے کہاکہ میانوالی مظفر گڑھ روڈ اور میانوالی بلکسر روڈ کی کشادگی کے لئے اسے دورویہ بنانے کا کام جلد شروع ہو جائے گا-تحصیل عیسیٰ خیل کی ترقی و خوشحالی کے لئے نہر کس عمرخان میگا پراجیکٹ پر بھی اسی سال کام شروع کر دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ میانوالی میں 200 بستروں پر مشتمل مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گااور اس منصوبے کا سنگ بنیاد وزیر اعظم پاکستان عمران خان رکھیں گے – انہوں نے کہاکہ ضلع میانوالی میرے قائد وزیراعظم عمران خان کا ضلع ہے، اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائیں گے-انہوں نے کہا کہ میانوالی میں یونیورسٹی بھی بنائی جا رہی ہے -انہوں نے کہا کہ یہاں کے تمام مسائل ہم ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے – وزیر اعلی نے کہا کہ یہاں کے جو بھی مسائل ہیں وہ میرے اوپر قرض ہیں اور میں آپ کا یہ قرض تمام مسائل حل کر کے ادا کروں گا-انہوں نے کہا کہ میانوالی وزیر اعظم عمران خان کا گھر ہے اور یہ شہر میرا بھی گھر ہے – میانوالی کے علاقے کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے مسائل حل کئے جائیں گے – قبل ازیں وزیر اعلی نے نمل انسٹی ٹیوٹ میں ہسپتال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بھی شرکت کی-