لاہور (این این آئی) قومی احتساب بیور و (نیب) لاہور نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف خاندان کے 150 بینک اکاؤنٹس کو منجمد کردئیے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے اس معاملے پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کو خط لکھا گیا تھا جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے
سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور ان کے خاندان کے 150 بینک اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا گیا ہے۔جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی مشکلات میں بھی مزید اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ ان کے خلاف بھی ٹی ٹی سامنے آ گئی ہے۔ نیب نے اس معاملے پر ان سے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کے اکاؤنٹ میں ٹی ٹی کے ذریعے پیسہ منتقل کیا گیا تھا۔ نیب نے اس حوالے سے اہم ثبوت حاصل کر لئے ہیں۔ چودھری شوگر ملز میں ٹی ٹی کے ذریعے پیسہ منتقل کر کے لگایا گیا۔ فنانشنل مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے نیب کو رپورٹ بھجوا دی گئی ہے۔دریں اثناء قومی احتساب بیور و (نیب) نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے مرحوم بھائی عباس شریف کے صاحبزادے یوسف عباس کو بھی 23جولائی کو طلب کرلیا۔یوسف عباس شریف کو چوہدری شوگر مل کے حوالے سے طلب کیا گیا۔یوسف عباس کو تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ 800 ملین کا قرضہ جو دیا گیا اس کی تفصیلات، چوہدری شوگرملز میں کتنے شئیرز ہیں، کتنا قرضہ لیا، کتنی رقم ٹی ٹی کے ذریعے وصول کی تمام تفصیلات فراہم کی جائیں۔