لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں اہل خانہ نے ملاقات کی، ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کا طبی معائنہ کیا، پارٹی کارکنا ن نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل کے باہر موجود رہے اور ان کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ محکمہ داخلہ کے احکامات کے مطابق
کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے خاندان کے پانچ افراد نے ملاقات کی۔ بھائی محمد شہباز شریف، صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) محمد آصف اور دیگراہل خانہ نے نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔اس موقع پرملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، کیسز، سیاسی صورتحال اور ڈیلی میل کی خبر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے نواز شریف کو آگاہ کیا کہ برطانیہ کی جانب سے بغیر کسی تاخیر کی اس کی تردید کی گئی۔ شہباز شریف نے نواز شریف کو آگاہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں قانونی چارہ جوئی بھی کر رہے ہیں ان کے وکلاء کی ٹیم لندن پہنچ چکی ہے۔ ا س پر مریم نواز کی آج نیب عدالت میں پیشی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے، ہم حالات کامقابلہ کریں گے اور سر خرو ہوں گے۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کا طبی معائنہ کیا۔شریف خاندان کے افراد کی کوٹ لکھپت جیل آمد پر کارکنوں کی جانب سے ان کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کئے گئے اوران کے حق میں نعرے لگا ئے گئے۔