اسلام آباد( آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دس برسوں کی تلاش کے بعد ممبئی کا مبینہ ماسٹر مائند حافظ سعید پاکستان میں گرفتار ہوگیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں حافظ سعید کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ
دس برسوں کی تلاش کے بعد ممبئی حملوں کا ماسٹر مائنڈ پاکستان میں گرفتار ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں پچھلے دو برسوں سے پاکستان پر دباؤ ڈالا گیا تھا،خیال رہے کہ پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے جماعت الدعوہ کے سربراہ کو لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل نے گرفتاری پر بتایا کہ حافظ سعید کو چندہ اکٹھا کرنے اور داخلی معاملات پر گرفتار کیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے رہنما انسداد دہشت گردی عدالت گجرانوالہ میں ایک اور مقدمے میں ضمانت کرانے کے لیے جارہے تھے اور انہیں گوجرانوالہ کی حدود میں داخل ہوتے ہی گرفتار کیا گیا۔خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے چند روز قبل ہی پانچ تنظیموں دعوہ الارشاد ٹرسٹ، معاذ بن جبل ٹرسٹ، الانفال ٹرسٹ، المدینہ فاونڈیشن ٹرسٹ اور الحمد ٹرسٹ پر مقدمات درج کیے تھے۔ ان مقدمات میں حافظ محمد سعید، عبدالرحمان مکی، امیر حمزہ اور محمد یحییٰ عزیز کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مذکورہ افراد پر ٹرسٹ کی آڑ میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کیلیے فنڈز اکٹھے کرنے کا الزام ہے۔