کراچی(آن لائن) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی حراست سے رہائی و وطن واپسی کا معاملہ اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ امریکہ نے عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز میں نیا جوش و ولولہ پیدا کردیا ہے۔ ملک بھر کے عوام کی جانب سے عافیہ موومنٹ سیکریٹریٹ میں رابطوں کے سلسلے میں تیزی آگئی ہے۔
اس سلسلے میں اسلام آباد کے سینئر کالم نگار میر افسر امان کی کراچی آمد کے موقع پر ان کے ہمراہ کراچی کے معروف صحافی اور کالم نگار عثمان دموہی، قادر یوسفزئی، حفیظ خٹک و دیگر نے ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی کی عیادت کی اور ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ علالت کے باوجود ڈاکٹر عافیہ کی والدہ مہمانوں سے ملاقات کیلئے خصوصی طور پر باہر تشریف لائیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پرامید ہیں کہ وزیراعظم پاکستان دورہ امریکہ کے موقع پر قوم کو عافیہ کو جلد وطن واپس لانے کی خوشخبری سنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عافیہ کے بغیر میرا ہر دن دکھ اور کرب میں گذرتا ہے۔ اس موقع پرسینئر کالم نگارمیرافسر امان، عثمان دموہی، قادریوسفزئی اور حفیظ خٹک نے بھی ڈاکٹر عافیہ کی والدہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ عمران خان دورہ امریکہ کے موقع پرڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے معاملے کو ایجنڈے میں اولیت دیں گے اور اس معاملے کو فراموش نہیں کریں گے۔ عمران خان کا عافیہ کے ساتھ ناانصافی کے خلاف جدوجہد کا طویل ریکارڈ ہے۔ انہوں نے عافیہ کی باعزت وطن واپسی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ کے امریکی حراست میں 5950 دن گذر چکے ہیں۔