گوجرانوالہ (اے این این ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سہیل ظفر چیمہ چیئرمین ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب بننے کے بعد آبائی شہر گوجرانوالہ پہنچے تو ڈالرز، ریال، یورو اور پاکستانی کرنسی سے ان کا استقبال کیا گیا۔پی ٹی آئی کے رہنما سہیل ظفر چیمہ کو گزشتہ ماہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کے بورڈ آف ڈائریکٹر کا چیئرمین منتخب کیا گیا تھا۔سہیل ظفر چیمہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کا چئیرمین بننے کے بعد جب آبائی شہر
گوجرانوالہ پہنچے تو پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے ان کا غیر ملکی کرنسی سے شاندار استقبال کیا۔کارکنوں نے ان کی آمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ سہیل ظفر چیمہ کا قافلہ جب آبائی علاقے ماچھیکے سندھواں پہنچا تو پی ٹی آئی رہنما شاہد اقبال ناگرہ نے پاکستانی نوٹوں، ریال، یورو اور امریکی ڈالرز کی برسات کر دی۔ ڈالرز اور یورو ہوا میں اڑتے دیکھ کر پی ٹی آئی کارکنان بھی سب کام کاج چھوڑ کر غیر ملکی کرنسی لوٹتے رہے۔