لاہور(این این آئی )فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی نے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود کی جانب سے فیصل آباد ایکسپو سینٹر کی تعمیر کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مقامی سرمایہ کاروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش، پاکستان میں تجارت اور صنعت کے فروغ اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے دارو خان اچکزئی نے کہا کہ ان کی قیادت میں فیڈمک علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں جاری مختلف منصوبوں میں مقامی اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے انتہائی مثبت اور متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ملک کے کا بڑا صنعتی شہر اور متحرک تجارتی اور کاروباری مرکز ہے۔ فیصل آباد کے صنعتکاروں نے ہمیشہ ملکی ترقی میں بھر پور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی نمائشیں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور معاشرے کا سافٹ امیج پیش کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اس لئے حکومت تجارتی نمائشوں کو ایک صنعت کا درجہ دیتے ہوئے اس کی سرپرستی کرے۔ دارو خان اچکزئی نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی حکومت کے ساتھ ملک کر ایک حکمت عملی تیار کر رہا ہے تاکہ نجی شعبے کو آسانی سے قابل حصول قرضوں کو یقینی بنا کر معاشی ترقی کی راہ ہموار کی جا سکے۔ ’’میڈ ان فیصل آباد‘‘ مصنوعات کو سراہتے ہوئے ہمارے صنعت کار بین الاقوامی ریٹیل اسٹور چینز کے لئے عالمی معیار کے مطابق مقبول برانڈز کی مصنوعات تیار کررہے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہمارے صنعتکار اپنے برانڈز کو متعارف کرائیں تاکہ وہ اپنی مصنوعات کی بہتر قیمت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اور پاکستان کا نام بھی روشن کر سکیں۔ فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے فیصل آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ ایکسپو سینٹر کی تعمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں بھرپور کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بحرانی دور
سے گزر رہا ہے تاہم حکومت نے معیشت کی بحالی کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے اور حالیہ حکومتی اقدامات نے بہت سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے جنہوں نے بڑے صنعتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ انہوں نے برآمدات کے فروغ خاص طور پر ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کو بڑھانے میں فیصل آباد کے صنعت کاروں کے کردار کو سراہتے ہوئیکہا کہ ہم ان کو بہترین سہولیات فراہم کرنے
کی کوشش کررہے ہیں تاکہ درآمد اور برآمدات کے درمیان وسیع فرق کو کم کیا جا سکے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فیصل آباد ایکسپو سینٹر کی تکمیل سے فیصل آباد کے کاروباری افراد کو باقاعدگی سے نمائشوں کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی تاکہ وہ اپنی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کو دنیا بھر میں متعارف کراسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈمک صنعتکاروں کو مصنوعات کے معیار اضافے، صنعتی یونٹس کو اپ گریڈ کرنے اور نئی ٹیکنالوجیز متعارف میں بھر پور کردار اداکر رہا ہے۔