کراچی (این این آئی)کراچی میں باپ کو فالج ہوجانے کے بعد معاشی حالات سے تنگ 8 سال کی بچی خوشی کے واٹر ٹینکر چلانے کی ویڈیو سامنے آگئی۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ 8 سالہ خوشی نے شیرشاہ سے رشید آباد تک پانی کا ٹینکر چلایا ہے۔ویڈیو میں جب بچی سے اس کے ٹینکر چلانے کی وجہ دریافت کی گئی تو اس کا کہنا تھا کہ وہ لوگ غریب ہیں اور اس کے والد کو فالج ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے وہ ٹینکر چلانے پر مجبور ہے۔بچی خوشی
کا کہنا تھا کہ اسے اسکول جانے کا بہت شوق ہے اور وہ پاک فوج میں جانا چاہتی ہے۔اس واقعے سے متعلق ٹریفک پولیس سے دریافت کیا گیا کہ ایک بچی ٹینکر چلا رہی ہے اور اگر یہ ٹینکر کسی حادثے کا شکار ہوا تو ذمہ دار کون ہوگا؟ جس پر پولیس نے بتایا کہ بچی کی ٹینکر چلانے کی ویڈیو کسی اور مقصد کے تحت بنائی گئی ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ کچھ وقت پہلے بھی اس بچی کی ایک ویڈیو سامنے آچکی ہے جس میں وہ موٹر سائیکل چلا رہی تھی اور اب ٹینکر والی ویڈیو سامنے لائی گئی ہے۔