کراچی (این این آئی)جون 2019 کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 10.9فیصد کا اضافہ ہوا ہے ، جو گزشتہ 12ماہ کے دوران سب سے زیادہ اضافہ ہے ۔ جون 2019 کے دوران کمرشل بینکوں کے ڈیپازٹس 14.408کھرب روپے تک بڑھ گئے جبکہ جون 2018 کے دوران ڈیپازٹس کا حجم 12.990کھرب روپے رہا تھا۔ آپٹیمس کیپٹل منیجمنٹ کے ہیڈ آف ریسرچ فیضان احمد نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ بینکوں کے ڈیپازٹس میں اضافے کابنیادی سبب شرح سود کی بڑھوتی اور بینکوں کی جانب سے
صارفین کو اپنی رقوم بینک میں رکھنے کے حوالے سے کی گئی موثر کاوشیں ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2018 کے دوران بینکنگ سیکٹر کے ڈیپازٹس میں 8.3فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ڈیپازٹس میں ڈبل ڈجٹ اضافے کے باوجود جون 2019 کے دوران جون 2018 کے مقابلے میں کمرشل بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں 10.7فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ جنوری تا مئی 2019 کے دوران قرضوں کے اجرا میں 18.1فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔