ایبٹ آباد (آن لائن) فرنٹیئر مائن اونرز ایسوسی ایشن نے خام مال پر عائد 17 فیصد سیلز ٹیکس کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے فکس ٹیکس وصولی کا طریقہ کار وضع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس حوالہ سے صوبائی صدر فرنٹیئر مائن اونرز ایسوسی ایشن شیر بندی خان مروت نے ہزارہ کے پانچوں اضلاع کے نمائندوں کے ہمراہ صحافیوں کو بتایا کہ وہ پہلے سے ڈیزل، پٹرول، بارود اور دیگر مائننگ کے اوزار پر ماہانہ لاکھوں روپے کا سیلز ٹیکس ادا کرتے ہیں، مائن اونرز ایک سال صرف صفائی
اور ٹنل بنانے میں کروڑوں روپے کے اخراجات برداشت کرتے ہیں جبکہ اس ٹنل میں سے معدنیات صرف 6ماہ تک نکالتے ہیں جس سے بمشکل مزدورں کی تنخوائیں اور مائننگ کے اخراجات برداشت کرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اپنی تکالیف سے چیئرمین ایف بی آر کو آگاہ کرنے کیلئے ملاقات کا وقت نہیں دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور ایف بی آر سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ خام مال پر سیلز ٹیکس ختم کر کے ماربل انڈسڑی کی طرح رائلٹی کو مدنظر رکھ کر فکس سیلز ٹیکس کا نظام بنایا جائے۔