اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے اراکین کے گوشواروں کی تفصیلات جاری ہونے پر وضاحت کرتے ہوئے کہاہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا دبئی میں کسی کمپنی کا اقامہ نہیں ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی دبئی آمدورفت کے لئے متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے
صدارتی امور کا خصوصی اقامہ ہے۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دبئی حکومت کا خصوصی ویزہ یعنی اقامہ الیکشن کمیشن میں ڈیکلیئر کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وراثت میں ملنے والے اپنے تمام اثاثہ جات ڈیکلئیر کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ڈیکلیئر اثاثہ جات کی تفصیلات جاری کی ہیں۔