لاہور(این این آئی)پارٹی کے اراکین اسمبلی کی حکمران جماعت سے ملاقاتوں کی خبروں کے بعد مسلم لیگ (ن) میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، میڈیا میں سامنے آنے والے مبینہ ناموں سے باضابطہ وضاحت طلب کی جائے گی، قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کا اجلاس بھی بلائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کے اراکین اسمبلی کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی خبروں کے بعد مسلم لیگ(ن) میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور پارٹی کے ذمہ داران نے اس حوالے سے ٹیلیفونک رابطوں
میں مشاورت بھی کی ہے جبکہ میڈیا میں سامنے آنے والے مبینہ ناموں سے پارٹی رہنماؤں کے رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پارٹی ڈسپلن کے تحت ان سے باضابطہ وضاحت طلب کی جائے گی اور اس کے ساتھ قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کا اجلاس بھی بلائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے اراکین اسمبلی کی مبینہ ملاقاتوں کو نتیجہ خیز ہونے سے روکنے کیلئے پیشگی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اس حوالے سے رہنماؤں کے درمیان مشاورت کی جارہی ہے۔