لاہور(این این آئی)ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے گروپ میں (ن) لیگی ناراض 20رکن قومی اسمبلی کی عمران خان سے ملاقات ہوگی، گزشتہ روز ہونے والی عمران خان سے ملاقات دو ہفتہ قبل طے پائی تھی جبکہ وزیراعظم سے ملاقات سے قبل جمعہ کے روز 8کلب جی او آر ون میں وزیراعلی ہاؤس میں بھی اراکین اسمبلی کی ملاقات ہوئی تھی۔ریاض پیرزادہ نے گزشتہ روز اپنے ویڈیو پیغام میں پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے
لیگی اراکین اسمبلی کے نام سامنے آگئے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں اظہر خان، فیصل خان نیازی، جلیل شرقپوری، اصغر چانڈیو، قاسم ہنجرا، غیاث الدین، حاجی اشرف انصاری، شعیب اویسی، ریاض حسین پیرزادہ، نشاط ڈھا، محمودالحق، یونس انصاری، غضنفر لانگا، محمد ارشد، فیصل خواجہ اور عطا الرحمن سمیت دیگر شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق جب تک 35 افراد مکمل نہیں ہوجاتے اس وقت تک کوئی فارورڈ بلاک کی حمایت یا اعلان نہیں کرے گا جبکہ مزید 20 افراد کو اس گروپ میں شامل کرانے کے لیے بعض اہم شخصیات کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔دریں اثناء وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) چھوڑنے والے رکن قومی اسمبلی (ایم این ایز)اور سینیٹرز کی فہرست سامنے آئیگی،مریم نواز نے اسی موقع سے فائدہ اٹھا کر شہباز شریف کی قیادت پر شب خون مارا،قطر سے بھی امداد موصول ہو گئی ہے،فوری بحران ٹل گیا ہے اور بجٹ بھی منظور ہوگیا ہے اور اب معیشت کودرپیش اصل چیلنج ٹیکس جمع کرنا ہے، افغانستان سے جو بہتر معاملات آگے بڑھے ہیں خطے میں بھی اس کا اثر ہوگا، امید ہے بھارت سے مثبت جواب ملے گا۔ اتوار وکو پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ قطر سے 50 کروڑ ڈالر رقم موصول ہوئی، قطر سے رقم ملنے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ساڑھے 9 ارب ڈالر
قرضوں کی مد میں واپس کرچکی ہے،11 مہینوں میں قرض اور سود کی مد میں ادا کی گئی رقم سندھ کے بجٹ کے برابر ہے، آپ اندازہ لگالیں کہ کس قسم کی صورتحال تھی جس کا عمران خان کو سامنا تھا۔فواد چوہدری نے کہا کہ فوری بحران ٹل گیا ہے اور بجٹ بھی منظور ہوگیا ہے اور اب معیشت کودرپیش اصل چیلنج ٹیکس جمع کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سال ہم نے 5600 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرنے کا ہدف طے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ برٹش ایئرویز پاکستان کے لیے
فلائٹ آپریشن بحال کرچکی ہے، اب یورپی یونین کے دیگر ممالک اور ایئر لائنز پاکستان کیلئے اپنی ایڈوائزریز تبدیل کررہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہاکہ برطانیہ کے ولی عہد اور مستقبل کی ملکہ پاکستان آرہے ہیں، اس سے دکھائی دیتا ہے کہ ہم کس طرف جارہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی افغان صدر تشریف لائے تھے ان کے ساتھ جس قسم کے مذاکرات ہوئے اور اب وزیراعظم کے امریکا کے مجوزہ دورے سے آپ کو لگے گا کہ یہ گیم چینجر صورتحال ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ
یورپی یونین سے 25 سال بعد سائنس و ٹیکنالوجی کے رابطے بحال ہوئے ہیں، حال ہی میں برسلز میں ہونے والے معاہدے میں ہہ شعبہ بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ بھارت سے مثبت جواب ملے گا، افغانستان سے جو بہتر معاملات آگے بڑھے ہیں خطے میں بھی اس کا اثر ہوگا، افغانستان کو ہم نے قندھار میں کامسیٹس بنانے کی تجویز دی ہے، اس کے ساتھ ساتھ اگر انہوں نے چاہا تو کابل میں میٹرولوجی میں قائم کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں معیشت سے اچھی خبریں آرہی ہیں،
خارجہ محاذ سے اچھی خبریں آرہی ہیں، اس میں اپوزیشن ٹوٹ رہی ہے یہ عجیب بات ہے کہ پاکستان کے لیے اچھی خبریں اپوزیشن کیلئیبری خبریں بن کرابھررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے علاوہ تمام کمیٹیوں سے استعفیٰ دے چکے ہیں، وہ کبھی بھی اپوزیشن لیڈر، بحران کے لیڈر نہیں تھے، جوں جوں بحران آتا ہے وہ ملک سے باہر چلے جاتے ہیں اور مریم نواز نے اسی موقع سے فائدہ اٹھا کر شہباز شریف کی قیادت پر شب خون مارا۔فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز نے
شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اچک لی ہے، جو بیانیہ ابھی چل رہا ہے وہ شہباز شریف کا نہیں بلکہ مریم نواز کا چل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) میں فضل الٰہی یا رفیق تارڑ بن گئے ہیں، ان کی صدارت کی وہی حالت ہے، انہیں پارٹی میں کوئی پوچھتا بھی نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسمبلی میں شہباز شریف نے کھڑے ہوکر میثاق معیشت کی بات کی، خواجہ آصف ان کے ساتھ بیٹھے تھے انہوں نے ڈیسک بجائے، اگلے دن مریم نواز نے میثاق معیشت کو مسترد کردیا اور
خواجہ آصف پلٹ گئے تو انہوں نے کہا کہ میں مریم نواز کے موقف کی تائید کرتا ہوں۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ شہباز شریف کا اپنی پارٹی پر کوئی کنٹرول نہیں، وہ بحران میں کھڑے نہیں ہوتے اس لیے مریم نواز آگے آگئیں۔انہوں نے کہاکہ مریم نواز کتنی ذہین سیاست دان ہیں، جو لوگ رات کو پارٹی سے گئے ہیں، اصل بات جو اب آنے والی ہے جب ایم این اے اور سینیٹرز پارٹی چھوڑ کر جائیں گے کیونکہ انہیں مریم نواز کی سیاسی اہلیت کا پتہ ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز وہ جہاندیدہ خاتون ہے
جنہوں نے اپنے والد کو اقتدار سے نکلوایا، پھر سزا دلوائی، جیل میں ڈلوایا اور اب انہیں سکون آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو مریم نواز کی بات سن کر چلتے ہیں وہ آج کل کہاں ہیں، دانیال عزیز، طلال چوہدری، جس جس نے مریم نواز کی بات سن کر سیاست کی ہے اس نے اپنا بیڑا غرق کیا ہے، لوگوں کو ان کی سیاست پر اعتماد نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جو لوگ حلقے کی سیاست کرتے ہیں وہ زمینی حقائق کو دیکھ کر سیاست کرتے ہیں، پاکستان مسلم لیگ(ن) کے اندر قیادت اور نااہل خاندانوں کی لڑائی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو، شہباز شریف اور دیگر سلیکٹڈ سلیکٹڈ کرتے رہے اور ہم نے بجٹ پاس کروالیا، بلاول کے خلاف متفقہ قرار داد بھی منظور کرلی۔انہوں نے کہا کہ کہ گزشتہ روز گوجر خان میں چند لوگوں کا اجتماع تھا اور بلاول وہاں خطاب کرنے چلے گئے، اس سے اندازہ لگاسکتے ہیں کہ اپوزیشن کتنی امیچور ہیں، یہ بکھررہے ہیں اور ایسا ہماری وجہ سے نہیں ہے، ن لیگ میں جو گروپنگ ہورہی ہے وہ ان کی اپنی قیادت کی وجہ سے ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کے 12 ایم پی ایز نے ملاقات کی ہے، ان کی ناموں کی فہرست گردش کررہی ہے، ایم این ایز کے نام بھی سامنے آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 6 ماہ بعد معاشی حالات بہتر ہوگی، خارجہ پالیسی کے نئے اہداف حاصل کرنے جارہے ہیں۔فواد چوہدری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرا نہیں خیال اپوزیشن سینیٹ چیئرمین کی تبدیلی کا رسک لے گی کیونکہ انہیں اپنی قوت کا صحیح سے علم ہے تو وہ یہ معاملہ نہیں اٹھائے گی، یہ باتیں کرنے کی حد تک ہے۔