کراچی(این این آئی)جعلی اکاؤنٹس کیس میں زیرحراست فریال تالپورنے زرداری گروپ کے جوائنٹ وینچرسے لاتعلقی کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ گنے کی ادائیگی تو ہوئی ہے لیکن معلوم نہیں تھاکہ رقم جعلی کھاتوں سے آرہی ہے۔جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات جاری ہیں کیس میں گرفتار فریال تالپور نے جسمانی ریمانڈ کے دوران نیب کی تفتیشی ٹیم کو اپنا بیان ریکارڈ کرادیاہے۔کراچی میں اپنے ہی گھرمیں قید پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نے زرداری گروپ کے جوائنٹ ونچرسے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناصرعبداللہ،
یونس قدوائی، حسین لوائی سے کوئی تعلق نہیں۔دوران تفتیش نیب نے پوچھا کہ آپ نے جعلی اکاؤنٹس سے 3کروڑوصول کرکے اویس مظفرکودیئے؟۔سابق صدرکی ہمشیرہ نے جواب دیا کہ گنے کی ادائیگی ہوئی لیکن معلوم نہیں تھارقم جعلی بینک اکاؤنٹس سے آرہی ہے،اویس مظفرکے نام چیک ابوبکر زرداری نے جاری کیا۔ایک اور سوال گنے کی رقم کس شوگر مل نے اداکی؟ کے جواب میں کہاکہ رقم عبدالغنی مجید نے دی لیکن یاد نہیں کس شوگر مل سے آئی جبکہ رکن سندھ اسمبلی نے پارک لین کمپنی سے بھی مکمل لاتعلقی کااظہار کیا۔