لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی ملاقات کے حوالے سے حکومتی دعوؤں کو جھوٹا پراپیگنڈہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ لیگی ا رکان اسمبلی متحد اورنوازشریف کی قیادت پر غیر متزلزل یقین رکھتے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں لوٹا کر یسی کیلئے خصوصی سیل قائم کردیا گیاہے،15،15ارب میں اتحادی خریدنے والی حکومت اب لیگی ارکان کو خریدنا چاہتی ہے۔لیگی ارکان کو توڑنے کے لئے خزانے کے منہ کھول دیئے
گئے ہیں،عمران خان کو لیگی ارکا ن کو خریدنے میں منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ لیگی ا رکان اسمبلی متحد اورنوازشریف کی قیادت پر غیر متزلزل یقین رکھتے ہیں۔پی ٹی آئی حکومت عوام دشمن بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لئے جھوٹا پراپیگنڈہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی رکن نے لوٹا بننے کی کوشش کی تو اسے رکنیت استعفے کی صورت میں لوٹانا ہوگی۔ کوئی لوٹا ہوا تو اس سے قیادت استعفے طلب کرے گی اورکارکن انکے گھروں کاگھیراو کریں گے،لوٹا رکن کے گھر کے گھیراؤکی قیادت خود کروں گا۔