راولپنڈی(سی پی پی )پاک فوج اور دیگر ریسکیو اداروں نے مری پتریاٹہ کیبل کار میں پھنسے سیاحوں کو بحفاظت نکالنے کاریسکیو آپریشن مکمل کرلیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق گذشتہ روز مری پتریاٹہ میں تیزآندھی کے باعث کیبل کار کا رسہ پلی سے اتر گیاتھا، جس کے باعث بارہ کیبل کاروں میں خواتین اور بچوں سمیت نوے سیاح پھنس گئے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کو
نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن کیا گیا جو آٹھ گھنٹے جاری رہا، اس دوران تمام سیاحوں کو بحفاظت نکالا گیا اور انہیں خوراک اور پانی مہیا کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایک ٹاور بحال کردیا ہے جبکہ دوسرے ٹاور کی مرمت جاری ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز مری کے علاقہ پتریاٹہ میں کیبل کار کا رسہ پلی سے اترنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے باعث سو کے قریب سیاح پھنس گئے تھے۔