لندن (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت سے ہار کا اتنا ہی دکھ ہے جتنا کسی اور کو ہے۔لندن میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ پچھلے کچھ دن بہت زیادہ مایوس کن اور تکلیف دہ تھے لیکن اب بطور ٹیم اگلے چیلنج کی
تیاری کر رہے ہیں۔محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ٹوئٹ دیکھ کر فیصلے نہیں کیے جا سکتے، بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ ٹیم کا مشترکہ تھا لیکن ہم نے اچھی بولنگ نہیں کی۔ایک سوال کے جواب میں محمد حفیظ نے کہا کہ ہم بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے، بری پرفارمنس کا ذمہ دار ہر کوئی ہے۔محمد حفیظ نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی شکست کے لیے میدان میں نہیں اترتا اور بھارت سے ہار کا اتنا ہی دکھ ہے جتنا کسی اور کو ہے لیکن کھلاڑیوں پر ذاتی حملے کرنا ٹھیک نہیں ہے۔شعیب ملک سے متعلق سوال پر محمد حفیظ نے کہا کہ میں ہوں یا شعیب ملک سب ٹیم کی بہتری کیلئے کھیلتے ہیں، شعیب ملک خراب کارکردگی کے باوجود بھی مثبت انداز میں تیاری کر رہے ہیں۔محمد حفیظ نے کہا کہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹیم کو نیچے دیکھے کر بہت تکلیف ہوتی ہے لیکن ٹورنامنٹ میں اب بھی چانس باقی ہے، آگے اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ٹیم میں گروپنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قومی بلے باز نے کہا کہ جب ہارتے ہیں تو گروپنگ کی باتیں کی جاتی ہیں، ٹیم گروپنگ کا معاملہ فضول باتیں ہیں اور جب ٹیم جیت جاتی ہے تب کوئی گروپنگ کی بات نہیں کرتا۔