اسلام آباد (این این آئی)پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر نے بھارتی ٹینس اسٹارثانیہ مرزا کو بد قسمت خاتون قرار دے دیا۔گزشتہ روز شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیواپلوڈ کی جس میں انہوں نے پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں ثانیہ مرزا کی بد قسمتی ہے کہ انہیں بلا وجہ بھارت اور پاکستان کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہتاہے۔شعیب اختر نے کہا کہ سب سے پہلے اْنہیں شعیب ملک سے شادی پر دونوں ملکوں میں برا بھلا کہا گیا
اب جبکہ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان بھارت سے ہار گیا ہے تو اس پر بھی ثانیہ مرزا کے خلاف تنازعہ کھڑا کیا جا رہا ہے اور تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔شیشہ بار کی ویڈیو کے حوالے سے شعیب اخترنے کہا کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک میاں بیوی ہیں اگر اْنہوں نے ہوٹل میں ایک ساتھ کھانا کھا بھی لیا تو کیا ہو گیا اس میں اتنا شور مچانے کیا ضرورت ہے پاکستانی ٹیم اپنی بد ترین کارکردگی اور غلط فیصلوں کی وجہ سے میچ ہاری ہے،اس میں ثانیہ کا کیا قصور ہے۔شعیب اختر نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ثانیہ اور شعیب ملک 2 مہینوں سے نہیں ملے تھے اگر وہ اپنے شوہر سے ملنے مانچسٹر آ ہی گئی اور ساتھ میں گھوم پھر لیا تو اس میں کیا برائی ہے، شعیب ملک کی خراب کارکردگی پر اْن پر تنقید کریں اْن کی فیملی اور بچے کو بیچ میں کیوں لایا جا رہا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ مجھے بہت دْکھ ہوتا ہے جب بلا وجہ کسی پر تنقید کی جائے، سوشل میڈیا صارفین اپنا حق سمجھتے ہیں دوسروں پر انگلیاں اْٹھانا ہر کسی پر تنقید کرنا صرف اس لیے کے آپ کے پاس سوشل میڈیا کا اکاؤنٹ ہے تو کچھ بھی لکھ دینا آپ کا حق ہے۔ویڈیو کے آخر میں شعیب نے16 جون کو مانچسٹر کے ٹریفورڈ گراؤنڈ میں ہونے والی پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں شکست سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم بڑی ٹیم ہے،اْنہوں نے بڑا کھیل پیش کیا اْن کو جیت کی مبارکبادینی چاہئے،
ہم اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہارے ہیں۔انہوں نے کہاکہ2017 کی چمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کو خوب رگڑا تھا اور 20سے 25 ون ڈے بھی جیتے ہوئے ہیں،بد قسمتی سے ورلڈ کپ نہیں جیت پاتے تو اس کا یہ مطلب نہیں ہماری ٹیم ہی خراب ہے، ہمیں کارکرد گی کو بہتر بنانا ہوگا۔سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے اپنے اور بھارتی اداکارہ سونالی بیندرے سے متعلق خبروں کو جھوٹا قراردے دیا۔ شعیب اختر نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے اور سونالی سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے
خبروں کو افواہیں اور من گھڑت قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے بھارتی ویب سائٹس پر دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ 1996 میں ریلیز ہونے والی سونالی بیندرے کی فلم ’انگلش بابو دیسی میم‘ دیکھنے کے بعد شعیب اختر نے ایک انٹرویو میں سونالی کے لئے کہا تھا کہ مجھے سونالی کی محبت ہے اور میں اپنے بٹوے میں اْ ن کی تصویر بھی رکھتا ہوں، میرے کمرے میں اْن کے پوسٹرز بھی لگے ہوئے ہیں، اگر سونالی نے میرا پروپوزل ٹھکرا دیا تو میں اْنہیں اغوا کر لوں گا۔شعیب اختر نے اپنے اور
سونالی سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سونالی سے کبھی بھی نہیں ملے اور نہ ہی کبھی اْ ن کے فین رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں نے سونالی کی اِکّا دْکّا فلمیں دیکھ رکھیں ہیں اوروہ ایک خوبصورت خاتون ہیں، میں کبھی خواتین کے بارے میں کوئی بات نہیں کرتا، اگر مجھے کوئی کچھ کہہ بھی دے تو جواب نہیں دیتا۔شعیب اختر نے کہا کہ میرا نام بھارتی اداکارہ’دیا مرزا‘ کے ساتھ بھی جوڑا گیاتھا کہ میں اْن کے ساتھ شادی کرنے والا ہوں جبکہ مجھے اس بات کا بھی علم خبروں کے ذریعے ہوا۔انہوں نے کہا کہ جب میں نے سونالی کے بارے میں سنا کہ وہ بیمار ہوئیں اور کینسر جیسے موذی مرض سے لڑیں اور کامیاب ہوئیں، تو میں اْن کا فین بن گیا، وہ بہت دلیر خاتون ہیں، ہم سبھی کو اْن جیسے باہمت لوگوں کا فین ہونا چاہئے۔