لاہور(این این آئی)سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا سپیکر کا اختیار ہے اور جب تک کوئی مجرم نہیں ٹھہرایا جاتا پروڈکشن آرڈر جاری ہونے چاہئیں،موجودہ حکمران مشرف سے بڑئے ڈکٹیٹر ہیں اور سپیکر کی توہین کرنا چاہتے ہیں،موجودہ حکومت خانہ جنگی کو دعوت دے رہی ہے،فاشسٹ ذہن والے کامیاب نہیں ہو سکتے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں چار سال جیل میں رہا مگر سپیکر امیر حسین نے کبھی پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے۔ ماضی میں شیخ رشید اور حاجی بوٹا
کو پروڈکشن آرڈر پر اسمبلی بلایا جاتا رہا۔جو اسمبلی سپیکر کی توہین کرتی وہ ٹوٹ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم کو برقرار رکھنے کے لیے پروڈکشن آڈر جاری کرنے چاہئیں،حکومت میں یہ سوچ ہے کہ سب کو مار دو،ایسی سوچ تو آمریت میں بھی نہیں تھی،موجودہ حکومت خانہ جنگی کو دعوت دے رہی ہے ،فاشسٹ ذہن والے کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے صدر ہونے کے ناطے مجھے لگا عمران خان ملک توڑ دے گا۔تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کہتے ہیں کہ وہ ووٹ سے نہیں کسی اور ذریعے سے اقتدار میں آئے۔