جدہ (این این آئی)سعودی عرب کے شہروں کی سڑکوں پر عبایہ پہنے جاگنگ کرنے والی خاتون نوحا احمد نے کہا ہے کہ اب ہم کہہ سکتے ہیں کہ مرد اور عورت اب کہیں بھی کسی بھی وقت ایک ساتھ دوڑ سکتے ہیں۔2013 میں بننے والی جدہ رننگ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی سعودی شہری نوحا احمد نے کہاکہ جب سے میں نے دوڑنا شروع کیا ہے میری زندگی مکمل طور پر بدل گئی ہے،اب ہم کہہ سکتے ہیں کہ مرد اور عورت اب کہیں بھی کسی بھی وقت ایک ساتھ دوڑ سکتے ہیں۔انہوں نےکہاکہ
اب خواتین کو سعودی عرب میں بہتر سہولیات دستیاب ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ اب ہمیں مساوی حقوق حاصل ہیں،یہاں تک کہ سپورٹس کے شعبے میں ہمیں بعض اوقات مردوں سے بہتر سہولیات دستیاب ہیں کیونکہ خواتین پر زیادہ توجہ مرکوز کی جاتی ہے اور ان کا زیادہ خیال رکھا جاتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پہلے تو قدرے شرم آتی تھی کہ لوگ ہمیں عجیب نظروں سے دیکھیں گے لیکن جونہی میں دوڑنا شروع کرتی ہوں میں دنیا کو بھول کر بس دوڑنے سے لطف اندوز ہوتی ہوں۔