اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے پٹرولیم کے معاون خصوصی ندیم بابر نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے افسوسناک خبر سناتے ہوئے کہا کہ کراچی کے گہرے سمندر میں کیکڑا ون کے مقام پر تیل و گیس کے ذخائر نہیں مل سکے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ کیکڑا ون کے مقام پر کمپنی ای این آئی کی قیادت میں سمندر میں ڈرلنگ کا کام کیا گیا،ای این آئی کے علاوہ امریکی کمپنی ایگزون،
او جی ڈی سی اور پی پی ایل کا یہ جوائنٹ وینچر تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کے نتائج سے ڈی جی پٹرولیم کنسیشنز کے آفس کو مطلع کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 5500 میٹر سے زیادہ گہرائی تک ڈرلنگ کی گئی، ڈرلنگ پر لاگت کا تخمینہ 100 ملین ڈالر سے زیادہ ہے، جو کمپنیوں نے اپنے وسائل سے خرچ کئے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر نے کہا کہ کیکڑا ون میں ڈرلنگ کا کام ترک کر دیا گیاہے۔