چنیوٹ(سی پی پی )صوبہ پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں ایڈز کے باعث تین سالوں میں چون افراد کی ہلاکت پر حکومت پنجاب نے پورے گائوں کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے نواحی گائوں بھٹی والا میں ایڈز کے مرض سے اموات میں اضافہ ہورہا ہے،چند روز قبل بھی افسران کی غفلت اور بروقت علاج نہ ہونے کے سبب ایڈزمیں مبتلا بیس سال ممتازبی بی دم توڑ گئی تھی۔واقعے کے بعد حکومت پنجاب نے پورے گائوں کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ ایڈز کے بڑھتے وائرس پرچنیوٹ کے
شہریوں میں خوف پھیلنے لگا ہے،سابق دورحکومت میں ڈی ایچ کیواسپتال میں ایڈزسینٹر قائم کیا گیا جو موجودہ حکومت کی لاپرواہی سے غیرفعال ہوگیاہے،جبکہ گائوں کی واحد ڈسپنسری کئی سالوں سے بند پڑی ہے ۔ دوسری جانب گائوں کے اکلوتی ڈسپنسری پرتالے پڑے ہونے کے باعث اتائی ڈاکٹروں کی چاندی ہوچکی ہے، اس کے علاوہ ایڈز جیسے مرض باٹنے والے حجام آج بھی غیر معیاری اوزار استعمال کررہے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق بھٹی والا میں تین سالوں کے دوران چون افراد ایڈز کے باعث موت کی وادی میں چلے گئے۔