پشاور(سی پی پی )باچا خان ائیر پورٹ کے عملے نے زیورات سے بھرا بیگ مسافر کے حوالے کرکے ایمانداری کی اعلی مثال قائم کر دی۔ نگو کا ایک رہائشی باچا خان ائیرپورٹ کے لاونج میں اپنا زیورات سے بھرا بیگ بھول گیا، تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے فرض شناسی کا مظاہرہ
کرتے ہوئے زیورات سے بھرا بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا۔شارجہ سے پشاور باچا خان ائیرپورٹ پہنچنے والا مسافر اپنا بیگ ائیر پورٹ کے لاونج ہی میں بھول گیا تھا۔ مسافر کا بیگ سی اے اے کے پورٹر قیصر خان کو لانج میں پڑا ملا، پورٹر نے دیانت داری کے ساتھ بیگ ائیرپورٹ انتظامیہ کے حوالے کیا۔ بیگ کی تلاشی لینے پر بیگ سے زیورات برآمد ہوئے۔ جس پر ائیر پورٹ انتظامیہ نے بیگ پر لگے ٹیگ سے مسافر کا پتہ کیا۔سول ایوی ایشن عملے نے بعد ازاں مسافر کے گھر جا کر قیمتی سامان حوالے کیا۔ مسافر نے اپنا قیمتی سامان ملنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کا شکریہ ادا کیا۔ مسافر کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے زیورات خریدے تھے جو اس بیگ میں موجود تھے۔ میں بیگ گم ہونے پر بہت پریشان ہو گیا تھا لیکن سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیگ صحیح سلامت مجھ تک پہنچا کر ایمانداری کی اعلی مثال قائم کی ہے۔