کراچی(این این آئی)سندھ میں سگ گزیدگی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، 6 ماہ کے دوران ایک لاکھ سے زائد افراد سگ گزیدگی کا شکار ہوچکے ہیں۔صوبے کے کئی اضلاع میں ویکسین نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر
مسعود سولنگی کے مطابق ہرضلع میں ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے ۔حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں آوارہ اور پاگل کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ سگ گزیدگی کے واقعات حیدرآباد سمیت اندرون سندھ میں پیش آئے ہیں جن میں حیدرآباد میں3000، بدین میں3487، دادو میں8358، گھوٹکی میں5077، قمبر میں 9021، لاڑکانہ میں3932، میر پور خاص میں3298، نوشہروفیرز میں7572، شکار پور میں4918، شہید بے نظیرآباد میں4000اور عمرکوٹ میں3966کتے کے کاٹنے کے واقعات پیش آئے۔بیشتر اضلاع میں ویکسن ناپید ہے، لیکن لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد کی انتظامیہ کا موقف ہے کہ صرف سول اسپتال میں ویکسین کی سہولت موجود ہے۔شہریوں کے مطابق بلدیاتی ادارے آوارہ کتوں کو مارنے کی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کریں تو سگ گزیدگی کے واقعات سے بچا جا سکتا ہے ۔