برسلز(این این آئی)یورپی یونین نے بشارالاسد حکومت کے خلاف عائد کردہ پابندیوں میں ایک برس کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز یورپی یونین کے مرکزی دفتر کی جانب سے کہا گیا کہ 28 رکنی یورپی بلاک نے شامی حکومت اور اس کے حامیوں کے خلاف عام شہری آبادی پر جاری استحصالی
اقدامات کے تناظر میں پابندیاں عائد رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ ان پابندیوں کے تحت شام سے تعلق رکھنے والے270 افراد اور 70 کمپنیوں اور تنظیموں پر سفری پابندیوں کے علاوہ اثاثہ جات منجمد رکھنے جیسے امور نافذ رہیں گے۔ یورپی یونین کی جانب سے شامی حکومت پر یہ پابندیاں شام میں سرکاری فورسز کی جانب سے عام شہریوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تناظر میں عائد ہیں۔