ممبئی(این این آئی)بھارت کے سابق کپتان سارو گنگولی نے رواں ماہ شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کو فیورٹ ٹیموں میں سے ایک قرار دے دیا۔ایک انٹرویومیں سارو گنگولی نے بتایاکہ پاکستانی ٹیم کے لیے انگلینڈ ہمیشہ اچھا مقام ثابت ہوا ہے، انگلینڈ میں چیمپیئنز ٹرافی میں ان کی فتح اس کا ثبوت ہے جب انہوں نے بھارت کو شکست دی تھی۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ہونے والے عالمی ٹورنامنٹس میں
پاکستان کا ریکارڈ بہت اچھا ہے، انہوں نے دو سال قبل چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی، 2009 میں انگلینڈ میں ورلڈ ٹی20 جیتا تھا۔ایک تشہیری مہم کے دوران بھارت کے سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان انگلینڈ میں ہمیشہ اچھا کھیلتا ہے، چند دن قبل انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 374رنز کا ہدف تقریباً حاصل کر لیا تھا جہاں انہیں 12رنز سے شکست ہوئی اور انہوں نے اپنی باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ کو ٹیسٹ میچوں میں بھی شکست دی۔انہوں نے اپنی بھارتی ٹیم خبردار کیا کہ وہ پاکستان کو آسان سمجھنے کی غلطی ہرگز نہ کریں اور پاکستان ایک سخت حریف ثابت ہو سکتا ہے۔گنگولی نے کہا کہ میں ریکارڈز پر یقین نہیں رکھتا، پاکستان اور بھارت دونوں کو اس دن اچھا کھیل پیش کرنا ہو گا، بھارتی ٹیم بہت اچھی ہے اور اسے شکست دینا کافی مشکل ہو گا، جس ٹیم میں کوہلی، روہت شرما اور شیکھر دھاون ہوں، وہ کمزور ہو ہی نہیں سکتی۔انہوں نے کہاکہ یہ دلچسپ ٹورنامنٹ ہو گا جس میں تمام 10ٹیموں کو بقیہ ٹیموں سے کھیلنے کا موقع ملے گا جس کے بعد 4 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔