لاہور(این این آئی)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا بیرون ملک علاج معالجہ جاری ہے، ٹیسٹ رپورٹس اور فالو اپس کے بعد شہباز شریف جلد وطن واپس آئیں گے۔ احتساب عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پہلے نیب کے عقوبت خانے میں رہے، پھر جیل میں رہے،
ان کے ڈاکٹر ان کو علاج معالجے کے لئے بلواتے رہے لیکن وہ نہ جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف کے کچھ ٹیسٹ ہوئے ہیں جن کی رپورٹس آنی ہیں، شہباز شریف ٹیسٹ رپورٹس اور فالو اپس کے بعد جلد وطن واپس آ جائیں گے۔ا نہوں نے بتایا کہ حمزہ شہباز کی بھی طبیعت خرابی کی وجہ سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی ہے۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ہر پیشی پر علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا جاتا ہے، کرفیو جیسی صورتحال نافذ کرنے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اس صورتحال سے کچھ سیکھے اور آئندہ کرفیو نافذ نہ کرے۔