کراچی(این این آئی) سعودی عرب کی وزارت برائے حج اور عمرہ نے عمرہ زائرین کے اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے،جس میں بتایا گیا کہ شعبان کے مہینے میں زائرین کی تعداد میں گزشتہ برس کی نسبت 7 فیصد اضافہ ہواہے۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت نے6 اپریل سے پانچ مئی تک کے زائرین کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جس میں بتایا گیا کہ ماہِ شعبان میں دنیا بھر سے 61لاکھ 36ہزار 139زائرین عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچے۔سعودی وزارت نے رپورٹ موصول ہونے والی درخواستوں اور ویزہ جاری کرنے کی روشنی میں مرتب کی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ برس ماہ شعبان میں 57لاکھ 19 ہزار 398 زائرین عمرہ ادا کرنے پہنچے تھے، رواں سال کی تعداد میں 7 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زائرین نے 13 روز مکہ اور 8دن مدینے میں قیام کیا جبکہ گزشتہ برس انہیں 9 روز مکہ اور پانچ روز مدینے میں رکنے کی اجازت دی گئی تھی۔سعودی وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ زائرین میں سے 4 لاکھ 26 ہزار سے زائد 15 سال سے کم عمر جبکہ 4 لاکھ 39 ہزار سے زائد 15 سے چوبیس سال، اسی طرح 25 تا 34 برس کے 7 لاکھ 75 ہزار، 25 تا 34 برس 9 لاکھ 93 ہزار، 35 تا چوالیس برس کی عمروں کے 35 گیارہ لاکھ سے زائد اور 45 سے 54 برس کے 12 لاکھ 93 ہزار سے زائد رہی۔سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ زائرین کی تعداد پاکستان سے آئی، مجموعی طور پر شعبان کے ماہ میں 13 لاکھ 71 ہزار 544 پاکستانیوں نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رمضان میں بھی دنیا بھر سے زائرین کی بڑی تعداد عمرہ ادائیگی کے لیے آنا چاہتی ہے۔