اسلام آباد(آن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے میڈیکل سٹورز کے مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ڈاکٹر کی پرچی کے بغیر اینٹی بائیوٹک دوائی کسی کو فروخت نہ کریں اور وارننگ دی گئی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے سٹورز مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ یہ جبکہ عالمی ادارہ صحت کے اعلامیہ کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اینٹی بائیوٹک میڈیسن کے غلط استعمال سے ہزاروں لوگ موت کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ کئی موذی امراض
کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ڈرگ انسپکٹر سردار شبیر کے دستخطوں سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ سٹورز مالکان اینٹی بائیوٹک میڈیسن کسی شخص کو ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیر فروخت نہ کریں تاکہ شہریوں کو خطرناک نتائج سے بچایا جائے سکے۔ پاکستان میں شہری ڈاکٹروں کے نسخہ کے بغیر خود ہی اینٹی بائیوٹک دوائی خرید کر استعمال کرتے ہیں جس سے کئی میڈیکل پیچیدگیاں پیدا ہو رہی ہیں جس کی روک تھام کیلئے اب سخت اقدام کئے گئے ہیں۔