راولپنڈی (این این آئی)یوٹیلیٹی اسٹورز کو سبسڈی دینے کے حکومتی دعوے ہوا ہو گئے،وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر میں یوٹیلیٹی اسٹورز خالی، اشیاء خورونوش نہ ہونے کے برابر ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر چاول، چینی، گھی، آٹا جیسی بنیادی چیزیں دستیاب ہی نہیں ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ سال جس اسٹور کو ساٹھ لاکھ روپے کی انوینٹری دی گئی اس مرتبہ چھے لاکھ روپے ہے۔ ایک شہری نے بتایا کہ جب بھی یہاں آتے ہیں کچھ بھی دستیاب نہیں ہوتا، سمجھ نہیں آ رہا حکومت نے جو سبسڈی دی وہ کہاں ہے ؟
شہری نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک میں عوام کو بھرپور انداز میں بیوقوف بنایا گیا۔شہری نے بتایاکہ اگر وزیر اعظم نے ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے تو وعدہ پورا بھی کریں۔ ایک اور شہری کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت پچھلی حکومتوں کی تقلید کرتے ہوئے کئی معاملات کے اعلانا ت تو کر دیتی لیکن ان پر عملدر آمد نہیں کرایا جاتاایسا لگتا ہے حکومتی وزراء اور عہدیداران کو صرف میڈیا میں آنے کا شوق ہے کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ۔