اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ میں قومی کھیل ہاکی کی زبوں حا لی معاملے پر درخواست دائر کر دی گئی ۔ درخواست ہاکی کے سابق کھلاڑی اور وکیل شاہ جہان خان ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ درخواست میں وزیراعظم، وزارت کھیل، ہاکی فیڈریشن سمیت چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں کہاگیاکہ ماضی میں پاکستان چمپئن رہا، اب یہ زوال کیوں ؟ ۔درخواست گزار نے کہاکہ پاکستان ورلڈکپ، اولمپک چمپئن، ایشین چمپئن رہا ہے، ہاکی کیلئے کھلاڑیوں کو گراس روٹ لیول پر تربیت دینے کی
ضرورت ہے۔درخواست گزار نے کہاکہ قومی کھیل کے اس حال کو کوئی بھی اپنا نقصان نہیں سمجھتا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ تمام فریقین قومی کھیل ہاکی کی زبوحالی پر اپنا موقف پیش کریں۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ وزیر اعظم ، وزارت کھیل اور ہاکی فیڈریشن سمیت تمام ذمہ داران سے جواب طلب کیا جائے ۔جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست پر سماعت اعتراض کے ساتھ کی ،عدالت نے رجسٹرار آفس کو اعتراضات دور کر کے 17 مئی کو درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔