کراچی(این این آئی)نئے مالی سال 2019-20 کے بجٹ میں سگریٹ اور مشروبات مزید مہنگے ہونے کا امکان ہے کیونکہ اِن پر ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کی تجویز ہے۔بجٹ کیلئے ٹیکس تجاویز تیار کی جا رہی ہیں جس میں پیک شدہ جوسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگائی جائے گی۔ چینی پر جی ایس ٹی کی شرح بڑھانے اور گیس پر ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔اسکے علاوہ جی ایس ٹی کی شرح 17 سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ صنعتوں اور بجلی کی پیدوار کیلئے استعمال ہونے والی ایل این جی کی درآمد پر ڈیوٹی بڑھانے پر بھی غور
کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے صنعتی اشیا بھی مزید مہنگی ہوسکتی ہیں۔دوسری جانب وزرات خزانہ نے تیاری کیلئے 20 دن اضافی مانگ لیے ہیں، نیا بجٹ عید کے بعد 11 جون کو پیش کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق متعلقہ محکمے آئی ایم ایف سے مذاکرات میں مصروف ہیں، اسلیے عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ معاہدے کے بعد بجٹ کی تیاری کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔وزارت خزانہ نے تجویز دی ہے کہ نیا بجٹ عید کے بعد 11 جون کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے۔ اس سے پہلے 22 اور پھر 24 مئی کوبجٹ پیش کرنے کی تجاویز سامنے آئی تھیں۔