تائی پے(این این آئی)تائیوان میں ایک نوجوان نے سوتے ہوئے ایپل کا وائرلیس ہیڈفون نگل لیا غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایسا انوکھا واقعہ تائیوان کے رہائشی بین ہسو کے ساتھ پیش آیا۔ یہ شخص دوپہر کو کچھ دیر سونے کے بعد اٹھا تو وہ اپنے ایک ائیر پوڈ (ایپل کا وائرلیس ہیڈفون) کو غائب دیکھ کر اسے تلاش کرنے لگا۔
بستر پر اچھی طرح تلاش کرنے کے بعد جب اسے ناکامی ہوئی تو اس نے فیصلہ کیا کہ ڈیوائس کو آئی فون پر ٹریک کیا جائے جس کے لیے اس نے پلے ساؤنڈ آپشن کو کلک کیا۔وہ اس وقت شاک رہ گیا جب گمشدہ ائیرپوڈ اس کے پیٹ کے اندر سے بیپ کرنے لگا۔بین ہسونے فوری طور پر ہسپتال جانے کا فیصلہ کیا جہاں ایکسرے سے معلوم ہوا کہ ائیرپوڈ معدے میں موجود ہے تاہم اسے کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں تھا۔ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ائیرپورڈ کے ارگرد پلاسٹک شیل ہوتا ہے جس سے وہی خطرہ جسم کو لاحق ہوسکتا ہے جو کسی لیتھیم اون بیٹری کو نگل جانے پر ہوسکتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹروں نے اسے جلاب دیا جس کے استعمال کے بعد ڈیوائس باہر نکل آئی۔اگرچہ اسے ٹوائلٹ میں نکالا گیا مگر صارف نے اسے پھینکنے کی بجائے اٹھا کر دھو کر خشک کیا جس سے بھی اسے کوئی نقصان نہیں ہوا بس بیٹری گھٹ کر 41 فیصد رہ گئی۔بین ہسو نے اس واقعے کو جادوئی قرار دیا جو اس کے بقول ثابت کرتا ہے کہ ایپل کی مصنوعات بہت زیادہ پائیدار ہوتی ہیں۔خیال رہے کہ ایپل نے ائیرپوڈ کو 2016 میں متعارف کرایا تھا اور اسے ثقافتی تبدیلی قرار دیا تھا۔