اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں تعینات چین کے ڈپٹی چیف آف مشن چاؤ لی جیان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزادانہ تجارت معاہدہ کے تحت چین پاکستان کو 90 فیصد مارکیٹ شیئر بلا معاوضہ دیگا، سی پیک کے اگلے مرحلہ میں چین پاکستان میں
صنعتی زون سمیت سوشل اکنامک پر خصوصی توجہ دے گی۔ زلمی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بی آر آئی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلہ میں چین پاکستان میں صنعتی زون سمیت سوشل اکنامک پر خصوصی توجہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کیلئے اپنی مارکیٹ کھول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جس کے ساتھ چین نے سب سے پہلے فری ٹریڈ معاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو فری ٹریڈ معاہدے سے استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ سے پاکستان کی معیشت بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے خلاف تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ انہوں نے کہ سی پیک نے خطہ کو تعاون کا پلیٹ فارم دیا ہے، وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین بے حد کامیاب رہا، سوشل سیکٹر میں نئے منصوبوں پر ایم او یوز ہوئے، کے پی اور بلوچستان میں ہزاروں ووکیشنل ٹرینگ سینٹرز کو اپ گریڈ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔