لاہور(این این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ،ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں ٹیموں نے دیہات میں بھی ملاوٹ مافیا کو دبوچ لیا،ساہیوال اور اوکاڑہ کے نواحی دیہاتوں میں جعلی دودھ تہار کرنے والی2 فیکٹریاں پکڑی گئیں۔
1000 لیٹر سے زائد تیار جعلی دودھ، 20 ہزار لیٹر کا کیمیکل موقع سے برآمد،مکسنگ مشینیں، 600 کلو بناسپتی گھی۔، بھاری مقدار میں خام مال برآمد کر کے ضبط کر لیا گیا،پاڈر، کیمیکل اور بناسپتی گھی سے دودھ بنانے والی جعلی دودھ فیکٹریاں سیل کر دی گئیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر)محمد عثمان نے کہاکہ جعلی دودھ تیار کر کے ملک کولیکشن سنٹر کے ذریعے مختلف شہروں کو سپلائی کیا جاتا تھا۔ذیادہ تر دودھ لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ ملاوٹی دودھ معدے کی بیماریوں کے علاوہ متعدد موذی امراض کا بھی باعث بنتا ہے۔کیپٹن (ر)محمد عثمان نے کہاکہ دودھ میں ملاوٹ کے مکمل خاتمے کے لیے وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کی سربراہی میں جامع کام کر رہے ہیں۔ جعلی دودھ مافیا کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ جعلی دودھ مافیا کے خلاف صوبہ بھر میں کامیاب آپریشن کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق پاسچرائزشن پالیسی پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔لاہور: ملاوٹ مافیا کا جڑ سے خاتمہ کر کے ہی معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔