ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے ایک مقامی اسکول میں 50 سال پہلے زیرتعلیم رہنے والے طلباء ایک بار پھر اپنی پرانی یادیں تازہ کرنے کے لیے اسکول میں جمع ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق اپنی نوعیت کی اس منفرد اور خوبصورت سرگری کامقصد اسکول دور کی یادیں تازہ کرنا ہے۔سعودی عرب کی الزلفی گورنری کے اسکول کے پہلے پرنسپل جنہوں نے 1391ھ میں اسکول کھولا اور اس میں داخل ہونے والی پہلی کلاس کے طلباء کو دوبارہ اسکول آنے کی دعوت دی۔اس موقع پر الشیخ عبدالعزیز المندیل نے اپنے طلباء کو
50 سال پرانی یادیں تازہ کرنے کے لیے درس بھی دیا۔اس موقع پر اسکول کی انتظامیہ نے اسکول کی پہلی جماعت کے طلباء کی آمد پر ان کا خیرمقدم کیا۔ اسکول کی پہلی جماعت کے سوائے ایک طالب علم کے تمام موجود تھے۔ غیر حاضر رہنے والے ان کے ساتھی وفات پا چکے ہیں۔ اسکول کی موجودہ انتظامیہ نے اس کے پہلے پرنسپل اور طلباء کی خوب خاطر مدارت کی۔اس موقع پربات کرتے ہوئے 50 سال پرانے طلباء نے کہا کہ آج وہ اسی اسکول کی بدولت زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔