لندن(این این آئی )سوشل میڈیا پر لوگوں کی بڑی تعداد نے برطانوی نوجوان کیمرون رے کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا ہے جو ڈاکٹروں کے مطابق دماغ میں رسولی کے مسئلے سے دوچار ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے نے کیمرون کے دماغ کے آپریشن کے مناظر نشر کیے۔
اس دوران برطانوی نوجوان ہوش میں نظر آیا۔ایسے میں جب کہ ڈاکٹرز دورانِ آپریشن کیمرون کے سر میں بائیں جانب موجود رسولی کو نکالنے میں مصروف تھے ،کیمرون نے ازراہ مذاق یہ سوال پوچھ کر ڈاکٹروں کو حیران کر دیا کہ کیا آپ لوگوں نے میرا پورا دماغ نکال دیا؟۔اس کے بعد برطانوی نوجوان نے کہا کہ میں بھول گیا تھا کہ میرا آپریشن ہو رہا ہے۔یاد رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا حساس اور نازک ترین آپریشن ہوتا ہے۔ کیمرون کے دماغ کا آپریشن کرنے والے نیورو سرجن ڈاکٹر اسماعیل اوگریٹڈیر کے مطابق آپریشن کے دوران سرجن اگر ایک ملی میٹر بھی دائیں یا بائیں ہل جائے تو اس کا نتیجہ دماغ کے دائمی نقصان کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔ ڈاکٹر اسماعیل نے بتایا کہ آپریشن کے درمیان ایک موقع پر ہم نے کیمرون کو آنسوؤں میں ڈوبا ہوا پایا کیوں کہ اس وقت وہ ایک لفظ فٹبال کو یاد کرنے پر بھی قادر نہیں رہا تھا۔یاد رہے کہ آپریشن کامیاب ہونے اور دماغ سے 95% رسولی نکال پھینکنے کے باوجود کیمرون کے دماغ کا سرطان ناقابل علاج شمار کیا جاتا ہے۔