اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان نے کھیلوں کو بچانے کیلئے حکومت کو سپورٹس فیڈریشنز کو فنڈز جاری کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے معاملات کو سنجیدہ نہ لیا تو ملک میں کھیلیں تباہ ہو جائیں گی ، موجودہ حالات کے پیش نظر
حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کا فوری اجلاس بلائیں۔ میڈیا سے گفتگو میں سلیم سیف اللہ خان نے کہاکہ رواں سال ساوتھ ایشین گیمز میں پاکستانی دستے نے شرکت کرنی ہے تاہم حکومت کی جانب سے گیمز کے ٹریننگ کیمپس کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ، حکومت کو کھیلوں کی اہمیت کو سمجھنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کی جانب سے وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کو سیف گیمز سے متعلق لکھے گئے خط کی مکمل حمایت کرتے ہیں ، انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں شرکت کیلئے پاکستان ٹینس فیڈریشن سمیت دیگر فیڈریشنز کو حکومتی گرانٹس جاری کی جائے جبکہ پاکستان نے رواں سال ڈیوس کپ میں روایتی حریف بھارت کیخلاف ایک بڑے ایونٹ کی میزبانی بھی کرنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابقہ دور حکومت میں وفاقی وزیر ریاض حسین پیرز ادہ نے کھیلوں کو اہمیت دی اور فیڈریشنز کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا لیکن ایک سال ہونے کے قریب ہے اور موجودہ حکومت کی جانب سے فیڈریشنز کو گرانٹس بھی جاری نہ کی جا سکی جبکہ موجودہ حالات کے پیش نظر حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کا فوری اجلاس بلائیں تاکہ مسائل کو حل کیا جا سکے۔