ماپوتو(این این آئی)افریقی ملک موزمبیق میں خاتون نے آم کے درخت پر بچے کو جنم دے دیا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقے میں زچہ و بچہ 2 دن تک درخت پر رہے جبکہ خاندان نے بتایاہے کہ دونوں کی حالت تسلی بخش ہے ،مصری اخبار کے مطابق موزمبیق میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے علاقے کے بیشتر مکان تباہ ہو گئے جبکہ سیلابی ریلے نے ہر طرف تباہی مچادی۔ ایمیلا نامی خاتون نے اپنے
2 سالہ بیٹے کے ساتھ آم کے درخت پر پناہ لی۔خاتون امید سے تھی اور اسکے دن پورے ہوچکے تھے اسے نہیں معلوم تھا کہ ڈلیوری کا وقت قریب آچکا ہے۔ ایمیلا اپنے بیٹے کے ساتھ آم کے درخت پر بیٹھی تھی کہ اچانک اسے تکلیف کا احساس ہوا۔اس کے ساتھ اس کا 2سالہ بیٹا تھا جبکہ قریب کوئی دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ سارا علاقے پانی میں ڈوب چکا تھا۔ ایمیلا نے درخت پر ہی بچے کو جنم دیا۔