لاہور ( این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نیب کیسز میں پلی بارگین کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں 4 روز بعد بھی ہسپتال میں داخل نہیں کروایا گیا،کیا مقصد صرف جیل سے باہر آنا تھا ۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نواز شریف کی بیماری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کی رہائی کا چوتھا روز ہے لیکن تاحال انہیں اسپتال میں داخل نہیں کروایا گیا،
کیا نواز شریف کا مقصد صرف جیل سے باہر آنا تھا یا بیماری کے علاج کیلئے وہ آخری ہفتے کا انتظار کررہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ میرا پھر نواز شریف کو مشورہ ہے کہ پلی بارگین آسان راستہ ہے، یہ حسن اور حسین کا پیسہ نہیں آپ کا ہے، اس قوم نے تین بار آپ کو عزت دی قوم کا پیسہ اسے واپس کردیں۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 6 ہفتوں کے لیے ضمانت منظور کی ہے۔