لاہور(این این آئی) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پانی اللہ تعالیٰ کی انمول اور انتہائی قیمتی نعمت ہے،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو زرعی ، معدنی اور بہترین قدرتی خزانوں کے ساتھ آبی وسائل سے مالامال بنایا ،موجودہ صورتحال میں پانی کی قلت کے باعث پانی کے ذخائر کو آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ بنانااشد ضروری ہے۔ صوبائی وزیر نے ورلڈ واٹر ڈے کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں کہاکہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں صاف پانی کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ملک میں
پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے مزید آبی ذخائر کی پیداوار کے حوالہ سے حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں۔روزمرہ زندگی میں صاف پانی کے استعمال سے صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔ صاف پانی کے استعمال سے بیشتر بیماریاں جنم لینے سے پہلے ہی دم توڑ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ورلڈ واٹر ڈے منانے کا بنیادی مقصد عوام میں پانی کی اہمیت و ضرورت اور افادیت کے بارے آگاہی پیدا کرنا ہے۔پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے ہم سب کو اس معاشرے کا حصہ ہونے کے ناطے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔